صحت اور تعلیم کے شعبوں کو فنڈز فراہمی میں ترجیح دی جائیگی، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں جہاں دیگر شعبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا وہیں وزیراعلیٰ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو فنڈز فراہمی میں ترجیح دی جائیگی۔
انہوں نے ہدایت دی کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بچوں کو مفت کتابوں کے ساتھ ساتھ مفت بیگز دینے کا منصوبہ بھی شامل کیا جائے جبکہ مفت درسی کتب کی کوالٹی کو بھی بہتر بنایا جائے۔
اجلاس میں محکمہ صحت، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور زراعت کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل نہ کئے جائیں جو سالہا سال تک مکمل نہ ہوسکیں بلکہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ بنایا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائِیگی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ صحت اور تعلیم ہماری حکومت کے ترجیحی شعبے ہیں، ان دونوں شعبوں کو فنڈز فراہمی میں ترجیح دی جائے گی۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ نئی عمارتیں تعمیر کرنے کی بجائے پہلے سے موجود ہسپتالوں میں درکار سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔ دور افتادہ علاقوں کے ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں خدمات کی مؤثر مانیٹرنگ کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کا منصوبہ شروع کیا جائے۔
صحت کے شعبے کے حوالے سے وزیر اعلی نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے اجلاس میں کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کینسر کے مریضوں کے لئے گاما نائف ریڈیو سرجری سنٹر کے قیام، ہیموفیلیہ اور تھیلیسمیا کا شکار بچوں کے علاج کے لئے منصوبے تجویز کئے جائیں۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ائیر ایمبولینس سروس کا منصوبہ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرکے اس پر جلد عملدرآمد کیا جائے۔
اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کابینہ اجلاس میں بتایا کہ زراعت کے شعبے میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لئے ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ زیتون اور زعفران جیسی منافع بخش پیداوار کی کاشت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔
سردار علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سکول کے بچوں کو مفت درسی کتب کے ساتھ مفت بیگز دینے کا منصوبہ بھی شامل کیا جائے جبکہ ان مفت درسی کتب کی کوالٹی کو بہتر بنایا جائے۔

مزید پڑھیں:  ارشد شریف قتل: نواز شریف و دیگر کیخلاف اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تفتیش ختم