بلدیاتی نمائندوں کی مدت پوری ہونے کو ہے لیکن آج تک ایک پیسہ نہیں ملا

ویب ڈیسک: میئر پشاور زبیر علی نے تحصیل ویلج و نیبرہڈ کونسل چیئرمینز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پیر تک الٹی میٹم دیتا ہوں کہ ڈی جی میٹروپولیٹن کو تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت پوری ہونے کو ہے لیکن آج تک ایک پیسہ نہیں ملا، اب انہی بلدیاتی نمائندوں کو حقوق نہیں دئیے جارہے۔
میئر پشاور زبیر علی نے کہا کہ پورا نظام مفلوج ہے، قانونی سازی جب ایک شخص کے لیے ہو تو پھر یہی ہوگا۔ اس نظام پر بلدیاتی نمائندوں سمیت بیوروکریسی تک کو سمجھ نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی قانون کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا لیکن وہاں سے یہ کہہ کر درخواست واپس کردی گئی کہ اب حکومت بن گئی ہے، حکومت سے رجوع کرلیں۔
بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اگر میرا جرم یہ ہے کہ عوام کےلیے پنجاب سے مدد لی تو میں یہ جرم کرتا رہوں گا۔
میئر پشاور زبیر علی نے کہا کہ صفائی کرنے والا ادارہ بھی کمشنر کے حوالے کیا گیا ہے تو پھر بلدیاتی نظام کیوں لائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی میٹروپولیٹن کو تبدیل کیا جائے اس کیلئے پیر تک الٹی میٹم دیتا ہوں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کیلئے الگ ونگ بنانے کا فیصلہ