محکمہ خوراک کا ایکشن، سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد، سپلائر پابند سلاسل

ویب ڈیسک: صوبائِی دارالحکومت پشاور کے مصروف کاروباری مرکز چرگانو چوک، مرچ منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے محکمہ خوراک نے سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد کر کے اس کاروبار سے وابستہ سپلائر کو جیل بھیج دیا۔
اس موقع پر تحویل میں لی گئی مردہ مرغیاں تلف کر کے مارکیٹ کے عہدیداروں اسرائیل، جلیل اور شیراز کیخلاف تھانہ فقیر آباد میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام نے خفیہ اطلاع پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کو کارروائی کی ہدایت کی۔
انہوں نے ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے چرگانوں چوک، مرچ منڈی میں مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کیا۔
اس دوران محکمہ خوراک کے افسران نے سپلائر کو مردہ مرغیاں رکشے میں لوڈ کرتے وقت رنگے ہاتھوں دھر لیا اور مزید کارروائی کے بعد جیل بھیج دیا۔
راشننگ کنٹرولر پشاور کا کہنا تھا کہ غیر معیاری و مضر صحت اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
یاد رہے کہ چرگانو چوک میں محکمہ خوراک نے کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد کر کے سپلائر کو گرفتار کر لیا.

مزید پڑھیں:  پشاور:آٹا ڈیلرز کا آٹے پر ود ہولڈنگ سمیت تمام ٹیکسز ختم کرنے کا مطالبہ