وزیراعلیٰ کا بلدیاتی نمائندوں کے اعزازیہ سمیت مراعات کیلئَے فنڈز فراہمی کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت بلدیاتی حکومتوں کے مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے صدر حمایت اللہ مایار کی قیادت میں بلدیاتی نمائندوں وفد نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان کے علاوہ متعلقہ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے آئندہ بجٹ میں بلدیاتی نمائندوں کے اعزازیہ اور دیگر مراعات کیلئَے فنڈز فراہم کرنے اور تحصیل چئیرمین اور مئیرز کے اعزازیے ڈبل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وی سی، این سی چئیرمین کے دفاتر کے لئے کرایوں اور بلدیاتی حکومتوں کو ترقیاتی گرانٹس کی فراہمی کے لئے ایکٹ میں ضروری ترامیم منظور کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کی جانب سے متعلقہ حکام کو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو گاڑیاں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کے لئے بلدیاتی نظام کا کردار انتہائی اہم ہے، عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے قانونی اور انتظامی اصلاحات کی جائیں گی تاکہ نچلی سطح پر لوگوں کو خدمات اور شہری سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  جے یو آئی پشاور کے زیر اہتمام مبارک ثانی کیس فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ