نتھیاگلی میں سیاحوں کیلئے ایڈونچر تھیم پارک کا قیام احسن اقدام ہے، زاہد چن زیب

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب نے نتھیاگلی میں نئے ایڈونچر تھیم پارک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نتھیاگلی میں سیاحوں کیلئے ایڈونچر تھیم پارک کا قیام سیاحوں کیلئے احسن اقدام ہے۔ صوبائی حکومت سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو مکمل سپورٹ اور تعاون فراہم کریگی۔
مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے سیاحت مقامات میں سرمایہ کاری کرنے والی بزنس کمیونٹی کو مکمل تعاون فراہم کریگی۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے کائیٹ پراجیکٹ کے تحت گلیات کو سنو کلیئرنس مشینری کی فراہمی سمیت کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے مشینری، سیاحوں کو نتھیاگلی میں سیر و تفریح کیلئے الیکٹرک کار سمیت سیاحوں کیلئے ریسکیو 1122 مرکز کا قیام سمیت کئی سہولیات فراہم کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے دیگر سیاحتی مقامات ناران کاغان میں بھی مشینری فراہم کی ہے۔
ٹورازم پولیس کے نوجوانوں کیلئے سیاحتی مقامات پر گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں دے رہے ہیں تاکہ سیاحوں کو بہترین انداز میں خدمت کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایڈونچر تھیم پارک میں 8آؤٹ ڈور اور 40 انڈور سرگرمیاں شامل ہیں جن میں زپ لائن، سکائی سائیکلنگ، فری فال جمپ، وال کلائمبنگ، ریپلنگ، 360 سائیکلنگ ٹریک، ایئر گن، آرچری آؤٹ ڈور سرگرمیاں جبکہ انڈور میں ڈاجنگ کار، گیرو، باسکٹ بال، سافٹ بال، بچوں کیلئے پلے ایئریا، کمپیوٹرگیمزاور دیگر شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  ویمنز ایشیا کپ: سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا