وزیراعظم

وزیراعظم کی ایرانی سفارتخانے آمد، صدرکے انتقال پر تعزیت

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا ،سفیر سے ملاقات کر کے ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان کی ناگہانی موت پر تعزیت کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ پہنچا ہے، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہدا کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلی خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابراہیم رئیسی کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کیا، اللہ تعالی مرحومین کو جنت میں اعلی مقام عطا کرے۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کا مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے رہنے پر شکریہ ادا کیا
انہوں نے کہا کہ مرحوم صدر رئیسی کیلئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے جذبات اور انکے الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ابراہیم رئیسی کے پاکستان ایران تعلقات کی مضبوطی و فروغ کے ویژن کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ، پروٹیز نے نیپال کو ایک رنز سے ہرا دیا