ژوب، سیکیورٹی فورسز کے آپٔریشنز میں‌ 29 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: سرحد پار سے دہشتگردی واقعات کے حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 29 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان سے دہشتگرد پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرتے ہیں اور دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کے پاکستان میں داخل ہونے کے معاملے پر پاک افغان سکیورٹی فورسز نے مختلف آپریشن کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 21 اپریل کے بعد ہونے والے ایک ماہ کے آپریشنز میں 29 دہشتگرد ہلاک کئے گئَے. اس دوران 14 مئی کو دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے میجر بابر خان نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے سرحدوں کو محفوظ بنانے کا عزم بنا رکھا ہے۔ سیکیورٹی فورسز شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عبوری افغان حکومت کوموثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کے لیے بار بار کہا ہے۔ توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان مخالف دہشتگرد کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔

مزید پڑھیں:  مردان میں مختلف واقعات کے دوران 2 افراد جاں بحق، دو زخمی