خیبرپختونخوا: مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حادثات و فائرنگ واقعات کے باعث 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں سورکمر کے مقام پر دو موٹر کاروں کے مابین تصادم کے نتیجے میں بچی سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔
واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے مزید علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ضلع چارسدہ کے تنگی روڈ پر پولیس اور مشکوک شخص کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران پولیس اہلکار سمیت مشکوک شخص بھِی زخمی ہو گیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زحمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے چارسدہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسی ضلع چارسدہ میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ بھی پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں نصرت زئی کے علاقہ میں ماموں زاد اور پھوپھی زاد بھائیوں کے مابین جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ تبادلہ کے دوران ایک فریق سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی اور دوسرے فریق سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
اس حوالے سے فریقیں نے تھانہ شبقدر میں رپورٹ درج کرا دی ہے۔
ضلع کوہاٹ کے علاقے جنگل خیل میں دو افراد کے مابین لڑائی کے دوران بیچ بچاؤ کرنے والا پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ پولیس اہلکار ضیاء الرحمن اپنے محلے میں دو فریقین نعیم اور ظریف گل کے مابین لڑائی ختم کرنے کے دوران ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ضلع اورکزئی کے مشتی میلہ میں دو فریقین نے آمنا سامنا ہونے پر ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی۔
ڈی ایس پی دیسوار علی کا کہنا ہے کہ زمینی تنازعے پر ایک فریق نے فائرنگ کر کے دوسرے فریق کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس موقع پر جاں بحق رعایت اللہ کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی دیسوار علی کا کہنا ہے کہ ضلع اورکزئی کے علاقہ وام پانڑہ پہاڑی سے اسرافیل نامی شخص کی قتل شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اسرافیل کو قتل کیا ہے۔ اس حوالے سے تھانہ کریز کی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ بھر میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے باعث 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے.

مزید پڑھیں:  ڈالر ایک بار پھر سستا، 278روپے50پیسے میں ٹریڈ کرنے لگا