نکاح کیس

نکاح کیس:عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزاکیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے دورانِ عدت نکاح کیس میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں کی سماعت کی۔
بشری بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے دلائل دیے کہ یہ کیس صرف اور صرف سیاسی طور پر نشانہ بنانے کے لیے دائر ہوا ہے، خاورمانیکا کی شکایت تو تقریباً 6سال بعد دائر ہوئی، عزائم میں بدنیتی واضح ہے، شادی فراڈ ہے یا نہیں ؟ کریمینل کورٹ کے پاس فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں، فراڈ شادی یا نکاح کے حوالے سے فیملی کورٹ فیصلہ کرتی ہے۔
وکیل کے مطابق بشریٰ بی بی نے اپنے 342 کے بیان میں بتایا کہ طلاق اپریل 2017میں ہوئی اور انہوں نے عدت کا دورانیہ مکمل کرکے نکاح کیا ، پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے عدالت کو حقائق بتائے، جس پر پراسیکیوٹر راناحسن عباس کو اگلے ہی روز ٹرانسفر کردیاگیا۔
جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ آپ اس کے بعد کیا توقع کرسکتے ہیں؟ جج کے جملے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسکیوٹر عدنان علی نے سزا کو برقرار رکھنے کی استدعا کرتے ہوئے دلائل دیے کہ قانون میں کہیں نہیں لکھا کہ اس طرح کے کیسز کا ٹرائل کرمنل میں نہیں ہوسکتا ۔
مدعی نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے نکاح کو ختم کرنے کا مطالبہ نہیں کیا، بلکہ دوران عدت نکاح کرنے پر سزا ہے۔
پراسکیوٹر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی بار بار خاورمانیکا، بشریٰ بی بی کی زندگی میں مداخلت کررہے تھے، ان کی مداخلت کے باعث ہنستا بستا گھر اجڑ گیا، ریاست مدینہ بنانے والے شخص کا ایسا عمل طرزعمل ہے؟۔
عدالت نے عدت کے دوران نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 29 مئی کو سنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  کینٹ بوڑڈ ایبٹ آباد کی جانب سے عوام کو بڑی ریلیف کا اعلان