انڈر پاسز اورفلائی اورز

پشاور شہر میں ٹریفک مسائل حل کرنے کیلئے انڈر پاسز اورفلائی اورز تعمیر کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا 11 واں اجلاس، پشاور شہر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے رنگ روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر انڈر پاسز اورفلائی اورز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان اور میئر پشاور کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی ،ڈیڑھ سال بعد منعقد ہونے والے اجلاس میں 33 نکاتی ایجنڈے پر غوروخوص اور اہم فیصلے کئے گئے ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور شہر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کل آٹھ انڈر پاسز،فلائی اورز تعمیر کئے جائیں گے،تین انڈر پاسز،فلائی اورز رنگ روڈ کے مختلف مقامات جبکہ باقی شہر کے اندر مختلف مصروف مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے۔
اجلاس میں میں رنگ روڈ کی کشادگی اور بحالی کے کاموں کے علاوہ پی ڈی اے کے زیر انتظام چلنے والے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی اقدام سے پی ڈی اے کو بجلی کے بلوں کی مد میں سالانہ 81کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔
بورڈ نے ریگی للمہ ماڈل ٹاؤن میں پی ڈی اے کے سب آفس کے قیام کیعلاوہ ریگی ماڈل ٹؤن میں ایجوکیشن کمپلیکس کے قیام کے لئے ایکشن پلان کی بھی منظور ی دے دی ۔
اجلاس میں پی ڈی اے ایکٹ 2017کے تحت مختلف رولز اینڈ ریگولشنز کی بھی مشروط منظوری دیتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جو14دنوں میں ان رولز اینڈ ریگولیشنز کا جائزہ لیکر انہیں حتمی شکل دے گی۔
اجلاس میں پی ڈی اے کی زمینوں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر کے لئے مجوزہ ایکشن پلان کے علاوہ فارنزک سائنس لیبارٹری کے قیام کے لئے محکمہ داخلہ کو درکار زمین فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی ۔
بورڈ نے ریگی ماڈل ٹاؤن میں پیراپلیجک سنٹر کے قیام کے لئے محکمہ صحت کو درکار زمین دینے کی منظوری دیدی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ہدایت کی کہ پشاور موٹروے تا حیات آباد، جی ٹی روڈ پر سنٹرل میڈیا پر سولر لائٹس کی تنصیب اور تزین و آرائش کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی کے گرے اسٹرکچر کی تزین و آرائش کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کے علاوہ پی ڈی اے کے تمام انفراسٹرکچر کی شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی ڈی اے کے زیر انتظام سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں پی ڈی اے اور دیگر شہری سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے دائرہ کار کا واضح تعین کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے پشاور ویلی منصوبے پر پیشرفت کے لئے ایک مہینے میں پلان پیش کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  زندہ رہاتو10دن میں عدت کیس فیصلہ کردوں گا،جج افضل مجوکا