اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو نہ بلانا اصولوں کیخلاف ہے

ویب ڈیسک: اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مدعو نہ کرنے پر پی ٹی آئی سراپا احتجاج بن گئی۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے علاوہ باقی تمام وزرائےاعلیٰ کو اپیکس کمیٹی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ اپیکس کمیٹی میں وزیراعلیٰ کو نہ بلانا فیڈریشن اصولوں کیخلاف ہے۔
صوبائِی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کی صوبائِی حکومت سے تعصب انتہا کو چھونے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو ہونے والے ایس آئی ایف سی اجلاس میں خیبرپختونخوا کے علاوہ تمام وزرائے اعلیٰ مدعو ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی غیر موجودگی میں صوبے کا فیصلہ قطعی قبول نہیں۔ صوبائی حکومت وفاق کے اس متعصبانہ اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل پر پہلا حق خیبرپختونخوا کے عوام کا ہے لیکن موجودہ حکومت ملک کو صوبائیت کی طرف دھکیل رہی ہے۔
یاد رہے کہ ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی کے 10ویں اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکو مدعو نہ کرنے پر پی ٹی آئی سراپا احتجاج ہے۔

مزید پڑھیں:  صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے 69پیسے فی یونٹ کمی