یواےای کی پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: سفارتی محاذ پر وزیراعظم شہباز شریف کی بڑی کامیابی، یو اے ای نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کے مابین ابوظہبی میں ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔
ملاقات کے دوران صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یواے ای کے صدر سے شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔
دونوں سربراہان کے مابین ہونیوالی ملاقات میں سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات و تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:  لوڈشیڈنگ بحران، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے وزیر داخلہ کا رابطہ، مشاورت پر اتفاق