وزیراعظم

ملک کی ترقی کیلئے کانٹوں سے گزرنا ہوگا ،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی کامیابیوں نے ناقدین کا منہ بندکردیا ہے ،ملک کی ترقی کے لئے کانٹوں سے گزرنا ہو گا ۔
وزیراعظم کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کی اپیکس کمیٹی کا دسواں اجلاس جس میں سرمایہ کاری کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر توانائی اویس لغاری اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں وزرائے اعلیٰ نے ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو ایس آئی ایف سی میں ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے 10 ارب ڈالر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کردیے ہیں، ہم نے کشکول توڑ دیا ہے اب تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے بھی ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو سراہا ہے، عسکری قیادت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتہ برداشت نہیں کیا جائیگا۔
شرکا نے اپیکس کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد پر اظہار اطمینان کیا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم اورترک صدر کاسرمایہ کاری، دفاعی تعاون بڑھانے کا اعادہ