بشام حملے کے لیے افغان سرزمین استعمال ہوئی، وزیر داخلہ محسن نقوی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بشام میں چینی انجینئرز پر ہونے والے حملہ کالعدم ٹی ٹی پی نے کیا جبکہ اس کیلئے افغان سرزمین استعمال ہوئی جس پر ہمیں سخت تشویش ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات برادرانہ اور انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں پر باقاعدہ ایک پلان کے تحت حملہ کیا گیا۔ اس واقعے میں کالعدم ٹی ٹی پی ملوث ہے اس کے تمام شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ افغان عبوری حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے تاہم ثبوت دیے جانے کے باوجود اب تک افغان حکومت نےکوئی جواب نہیں دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے سرحد کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ چین اور پاکستان کے تعلقات خراب کرنے کے پیچھے کونسی طاقتیں کارفرما ہو سکتی ہیں۔ دوسری جانب دہشت گرد افغان عبوری حکومت کی کمزوری کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے نئے ایس او پیز بنائے ہیں، ان کی سکیورٹی کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ افغانستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن یہ اسی صورت ممکن ہے جب وہ تعاون کریں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، ٹماٹر کی بین الاضلاع سپلائی پرپابندی عائد، دفعہ 144 نافذ