پشاور آپریشن، سیکورٹی فورسز کے شہداء کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک: پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز کے شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 25 سالہ کیپٹن حسین جہانگیر شہید (ساکن ضلع رحیم یار خان) اور 35 سالہ حوالدار شفیق اللہ شہید (ساکن ضلع کرک) کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کے افسران، سول حکام، عوام اور جوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ دہشتگردی کے خاتمےکے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ڈیرہ گرڈ سٹیشن سے بجلی بحال کردی