شہباز شریف کا ناروے کے وزیراعظم کو فون، دورہ پاکستان کی دعوت

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اس دوران فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سراہا۔
انہوں نے اس دوران جوناس گہر سٹور کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے سربراہان کے مابین ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے ناروے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بہادر فلسطینی عوام کیلئے امید اور یکجہتی کا مضبوط پیغام دے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوسرے ممالک بھی ناروے کی پیروی کریں گے جس سے اقوام متحدہ کی فلسطین کی مکمل رکنیت کی راہ ہموار ہو جائیگی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران مزید کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر کے مظلوم عوام کی جانب بھی توجہ دینا ہوگی جو گزشتہ ساڑھے 7 دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کیخلاف بھارت کےفالس فلیگ آپریشنزمعمول بنتےجارہےہیں، آرمی چیف