پاکستان کوایٹمی طاقت بنے26سال مکمل، ملک بھر میں‌تقریبات کاانعقاد

ویب ڈیسک: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 26 سال مکمل ہو گئے۔ اس حوالے سے آج ملک بھر میں یوم تکبیر قومی جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یوم تکبیر کے حوالے سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں شہر شہر تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا دیا تھا۔ ان دھماکوں سے ملک و قوم کا سر فخر سے بُلند ہوا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایٹمی تجربات کے مقام پر پاکستانی سائنسدانوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے”نعرہ تکبیر اللہ اکبر” کا نعرہ بھی بلند کیا۔
ذرائع کے مطابق 1998 سے اب تک ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے ابدالی، ابابیل، غزنوی، شاہین، غوری اور بابر، فتح اور دیگر بیلسٹک میزائلز کے کامیاب تجربات کئے جا چکے ہیں۔
یومِ تکبیر کے تاریخی موقع پر عوام کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو ملک دشمن عناصر کو یہ واضح پیغام پہنچا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ میں اہمیت ترین ہے، اس سے قبل دنیا میں صرف 6 ممالک کے پاس ایٹمی طاقت تھی ۔ ان دھماکوں کے بعد پاکستان ساتواں ایٹمی ملک بن گیا ہے۔
یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور ملکی سلامتی کی دعاؤں سے ہوا۔
اس موقع پر علماء کا کہنا تھاکہ28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آج پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔
علماء نے مزید کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔

مزید پڑھیں:  ضم اضلاع بجٹ بارے شہباز شریف غلط بیانی کررہےہیں، مزمل اسلم