یوم تکبیر ، صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں ریلیوں کا انعقاد ، عوام کی بھرپور شرکت

ویب ڈیسک: یوم تکبیر کے حوالے سے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی ۔
ضلع چارسدہ میں یوم تکبیر کے حوالے سے مشترکہ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ذرائع کےمطابق 28 مئی یوم تکبیر کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی جانب سے مشترکہ ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس حوالے سے تقاریب گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر ایک چارسدہ اور گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی حمید گل میں منعقد ہوئیں۔
ریلی کے شرکاء گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی حمید گل سے نکل کر تحصیل بازار کے مختلف روٹس سے ہوتے ہوئے ٹی ایم اے ہال پہنچے جہاں ریلیا اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے شرکاء نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔
ضلع صوابی کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی یوم تکبیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر نے کی۔ اس موقع پر سرکاری محکموں کے آفیسران، سول سوسائٹی اور سیاسی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی شرکاء نے ہاتھوں میں یوم تکبیر کی مناسبت سے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع ٻر شرکاء کا کہنا تھا کہ 28 مئی یوم تکبیر پر ایٹمی دھماکے کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ضلع مردان میں بھی یوم تکبیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی جو کالج چوک سے شروع ہوکر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکواٹر جنید خالد نے کی جس میں تمام محکموں کے سربراہان بھی ہمراہ تھے۔ ان کے علاوہ ریلی میں تاجروں، سیاسی سماجی جماعتوں کے کارکنوں اور سول سوسائٹی اور صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکواٹر جنید خالد نے کہا کہ پاکستان آج کے دن پوری دنیا میں ایٹمی طاقت بنا جس نے پاکستان کے وقار اور سالمیت کا الم بلند کیا۔

مزید پڑھیں:  9مئی کو کور کمانڈر ہاؤس نہیں جانا چاہئے تھا، شفقت محمود