وزیراعظم

وزیراعظم کا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی چوری کیخلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی کی لوڈمینجمنٹ اور بجلی چوری روکنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت توانائی کی جانب سے بجلی چوری اور لوڈشیڈنگ پر مفصل بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صرف خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی چوری روکنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں اور لوگوں کو ریلیف دیں، بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ،بجلی چوری کیخلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور بجلی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا ذاتی طور بجلی چوری کی روک تھام پر پیش رفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتیں،قانون نافذ کرنے والے اداریانسداد بجلی چوری مہم میں معاونت کریں، بجلی چوری کیخلاف تمام حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، بجلی کی اوور بلنگ قطعی طور پر نہیں ہونی چاہیے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخواسے ہونے والی ملاقات اوران کی طرف سے کے پی میں بجلی چوری روکنے کی یقین دہانی پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے اس پیشرفت کو سراہا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے لہٰذا نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  علی امین جلسوں میں کچھ ،اجلاسوں میں کچھ کہتے ہیں:عطاء تارڑ