علی امین گنڈا پور

عمران خان کیخلاف تمام کیسزجعلی،فوری رہاکیاجائے:علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ عمران کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز جعلی ہیں فوری رہا کیا جائے ۔
صوابی میں پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن منصوبہ علاقے کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا،منصوبے سے علاقے کا 30 ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے کمانڈ ایریا میں مزید آٹھ ہزار ایکڑ اراضی شامل کی جائے گی،زراعت اور آبپاشی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں،صوبے میں فوڈ سکیورٹی کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں مادڑن فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گاتاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکے، ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے، اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، ہم اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں،صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہونگے، جو بھی کام ہوگا وہ ہر ضلع اور ہر تحصیل میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عوام میری ٹیم بنیں اور اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر کڑی نظر رکھیں،اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد اور بدعنوانی کے خلاف عوام میرا ساتھ دیں۔
سرکاری محکمے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلتے ہیں، سرکاری حکام کو عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہ ملتی ہے، سرکاری حکام عوام کی خدمت کریں اور ان کے مسائل مقامی سطح پر حل کریں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس منشیات فروشوں اور مافیاز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے،منشیات فروش ہمارے بچوں کے دشمن ہیں انہیں علاقے سے نکالا جائے، عوام غلط کاموں کی نشاندہی کریں ہم بھر پور کارروائی کریں گے، ہم ظالم کے خلاف مظلوم اور کمزور کے ساتھ کھڑے ہونگے۔
ہمارا مقصد تعلیم اور علاج کی فراہمی ہے عمارتیں بنانا نہیں، جہاں پر بھی ضرورت ہو وہاں پر کرائے کی عمارت میں سکول اور کالج کھولا جائے، بجلی کے حوالے سے وفاقی وزرا سے بات ہوئی ہے، لوڈشیڈنگ کم کی جائیگی ۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہم وفاق سے صوبے کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو سر اٹھا کر کرتے ہیں کیونکہ ہم فارم 45والے ہیں ،ہر قسم کے ترقیاتی کام ہونگے لیکن ہمارا اصل مقصد حقیقی آزادی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان ہماری نسلوں کے لئے جیل میں ہیں، انکی رہائی ہمارا فرض ہے، عمران خان حق پر ہیں، ہم حق کا ساتھ دیتے رہیں گے کیونکہ اللہ نے حق کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تمام کیسز جعلی ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی کی رہائی تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی، ہر قسم کے مظالم کے باوجود ہم خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اپنا حق اس طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی۔
اس موقع پر انہوں نے صوابی ٹوپی روڈ کو دو رویہ کرنے اورا گدون میں کرائے کی عمارت میں ڈگری کالج کھولنے کا اعلان کیا ۔
وزیراعلیٰ نے زیر تعمیر ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال صوابی کو اسی سال مکمل کرنے کے لیے درکار فنڈز فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ۔

مزید پڑھیں:  41آزاد ارکان کامعاملہ،الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ سے رجوع