کرغز سفیر

بشکیک کی صورتحال بہتر ،طلبہ واپس جاسکتے ہیں ،کرغز سفیر

ویب ڈیسک: پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اولان بیگ کا کہنا ہے کہ بشکیک کی صورتحال بہتر اور مکمل طورپر کنٹرول میں ہے پاکستانی طلبہ واپس کرغزستان جا سکتے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرغز سفیر کا کہنا تھا کہ 13 مئی کی شام بشکیک کے ایک ہاسٹل میں مقامی اور غیرملکی طلبہ میں جھگڑا ہوا جس میں ملوث تمام افراد کو تھانے لے جایا گیا۔
17مئی کو سوشل میڈیا پیج پر لڑائی اور زخمی کرغز شہریوں کی ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بعد 18 مئی کی رات بشکیک میں لوگوں کا ایک ہجوم اکٹھا ہو گیا اور مطالبہ کیا کہ غیر ملکیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
کرغز سفیر نے مزید کہا کہ واقعے میں شریک افراد میں کوئی شدید زخمی نہیں ہے لہٰذا ذرائع ابلاغ کے نمائندے غیر معتبر معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
اولان بیگ نے مزید کہا کہ صدرکرغزستان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری طور پر واقعے پر بریفنگ بھی لی اور ساتھ ہی صدر نے ایسے لوگوں کو فورا سزا دینے کا بھی کہا۔
اولان بیگ نے بتایا کہ فسادات کے بعد پولیس افسران سمیت چیف اور داخلی امور کے ڈائریکٹوریٹ کے 9 افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشکیک کی صورتحال اب مکمل کنٹرول میں ہے، پاکستانی طلبہ کو واپس جانے کی اجازت ہے۔

مزید پڑھیں:  سمندری طوفان گیمی چین سے ٹکرا گیا، شدید بارشوں کا امکان