9 مئی کے مجرموں کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، فارمیشن کمانڈرز

ویب ڈیسک: پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ 9 مئی کے مجرموں کے خلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنا رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور ملک کی حفاظت کیلئے مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
فورم نے افغانستان کی سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشتگردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرس کے دوران فورم کو جیو سٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کے لیے ابھرتے ہوئے چیلنجز پر بریفنگ دی گئی جبکہ فورم کو ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
فورم کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کے اندر سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران فورم نے بھارت میں سیاسی مقاصد کے لیے بڑھتے فاشزم پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔
فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی جبکہ فورم نے غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام آپریشنز کو روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا جبکہ کانفرنس نے حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی تربیت، فلاح و بہبود کے لیے فوجی سطح پر کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
فورم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشتگردی کو فیصلہ کن شکست دینے کیلئے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
کانفرنس کے دوران فورم نے بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی سے ہی بیرونی طور پر پروپیگنڈا کرنے والوں کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہا کہ قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔
کانفرنس کے شرکاء نے کہا ہے کہ قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، ان ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، حوصلہ افزائی اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
شرکاء نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں باالخصوص پاک افواج کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی مذموم سیاسی مقاصد کے لئے بیرونی سہولت کاروں کی مدد کے ساتھ کی جا رہی ہے۔
فورم کے شرکاء نے کہا کہ اس کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے۔ ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد قومی اداروں باالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
فورم نے ون ڈاکیومنٹ رجیم، غیر قانونی و غیر ملکی تارکین کی باعزت وطن واپسی کی حمایت کا اظہار کیا اور قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت کیلئے مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں:  ارشد شریف قتل: نواز شریف و دیگر کیخلاف اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تفتیش ختم