لوڈ شیڈنگ

شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ جاری ،عوام سڑکوں پر آگئے

ویب ڈیسک:ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ، بجلی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ گیا ، مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر آگئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم جاری کرنے کے باوجود پشاور سمیت ملک بھر میں شدید گرمی کے باوجود لو ڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔
ملک کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ گیا جس کے بعد عوام سڑکوں پر آگئے اور مختلف مقامات پر مین شاہراہیں بند کردی گئی ہیں ۔
سوات میں 10سے 16اوربنوں میں 18گھنٹے بجلی معطل ہونے لگی ہے جبکہ ہنگو میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے مین ہائی وے بلاک کر دی۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں شہریوں نے لوڈ شیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی سمیت دیگر ارکان بھی احتجاج میں شریک ہوئے؟اس کے علاوہ حیدرآباد میں 12 گھنٹے ،سکھر میں 6 سے 8 گھنٹے تک بجلی معطل کی جارہی ہے۔
دوسری جانب جیکب آباد، شکار پور اور کشمور میں 12 سے 14گھنٹے، ٹھٹہ میں 14 سے 16 گھنٹے بجلی بندش معمول بن گئی،لاڑکانہ میں بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔
کمالیہ میں 6 سے 8گھنٹے، وہاڑی میں 6 سے 10 گھنٹے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 8 سے 12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پنجاب میں‌ دفعہ 144 کا نفاذ چیلنج، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر