ویڈیو اپ لوڈ

ویڈیو اپ لوڈ ہونے کا معاملہ،پی ٹی آئی قائدین وضاحتیں دینےلگے

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر)کے آفیشل اکائونٹ سے ویڈیو پوسٹ کرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی مشکل میں آگئی جبکہ پارٹی قائدین وضاحتیں دینے لگے ہیں ۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان کاسابق بنگلادیشی وزیراعظم شیخ مجیب اور سابق صدر پاکستان یحییٰ خان سے متعلق ویڈیوپوسٹ کرنے کے معاملے کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو تو اس بارے میں کچھ نہیں پتا۔
سابق وزیر مملکت اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان 71 سے متعلق ویڈیو سے عمران خان کو لاتعلق قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر ہونے والی ویڈیو کا علم ہی نہیں ہے، 1971سے 2018تک کے حالات دوبارہ نہ پیدا کیے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ آئندہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکائونٹ سے جو بھی مواد شیئر ہو گا وہ ان کی مرضی کے بغیر نہیں ہو گا۔
ترجمان پی ٹی آئی رئوف حسن نے بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مجھے کچھ علم نہیں اکائونٹ تو امریکا سے چلتا ہے ۔
دوسری جانب سے پارٹی رہنماء اور ممبر قومی اسمبلی زین قریشی نے نیا پنڈور ہ بکس کھول دیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ خان صاحب کے اکائونٹ کو باہر سے کوئی کررہا ہے اور یا کوئی اور ہو رہا ہے۔
عمران خان پابند سلاسل ہیں وہ اپنا اکائونٹ خود تو نہیں کرسکتے تو پارٹی کو کرنا پڑتا ہے اور پارٹی ہی خان صاحب کی ٹوئٹس کرتی ہے، ان کی اپروول سے کرتی ہے، ان کی انڈوسمنٹ سے کرتی ہے، اس میں ایسی کوئی دو رائے نہیں ہے، اب اس کو جتنا کھینچ لیں بال کی کھال اتار لیں وہ ان کی مرضی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کی ٹیم معاملے کی تحقیقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاہم عمران خان نے ایف آئی اے ٹیم کو اپنے سوشل میڈیا اکانٹ سے شیئر ویڈیو پر جواب دینے سے انکار کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں:  بیروت پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شدت، 25 افراد شہید