مولانا فضل الرحمن

اپناحق بھیک مانگ کرنہیں جنگ لڑکرلیں گے،مولانافضل الرحمن

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جرنیلوں نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا، ہم اداروں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اپنا حق بھیک مانگ کر نہیں جنگ لڑ کر لیں گے۔
مظفر گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمہارا پاکستان کے قیام میں کوئی کردار نہیں بلکہ توڑنے میں تمہارا کردار ہے اگر ہمیں گرفتار ہونا پڑا تو گرفتاری دیں گے اور اگر قبر میں جانا پڑا تو اس کے لئے بھی تیار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تم نے35لاکھ ٹن کیڑے والا گندم کیوں منگوایا تم نے کس کے ساتھ سودا کیا؟بغاوت ہم نہیں کررہے بغاوت وہ ادارے کررہے ہیں جو آئین توڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرنیلوں نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ ہم اداروں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اپنا حق بھیک مانگ کر نہیں جنگ لڑ کر لیں گے۔ تم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کا اعلان کیا لیکن دہشت گردی بڑھتی جا رہی ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کہ اگر دہشت گردی سرحدوں سے ہورہی ہے تو پھر تم سرحدوں پر کہاں کھڑے ہو؟ تم نے بیس سال میں قبائل کو تباہ و برباد کردیا پاکستانی تمہارے کردار کی وجہ سے اپنے اداروں سے نفرت کرتے ہیں، ریاست کے لبادے میں کسی کو غدار کہنے کی کوشش نہ کرو جو بھی ہوگا تمہاری وجہ سے ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن و امان تباہ ہورہا ہے کے پی اور بلوچستان کے لوگ شدید بدامنی کا شکار ہیں میں جانتا ہوں کہ خیبر پختونخوا میں اداروں کی رٹ ختم ہوچکی ہے، آئین کے تحت قوم کو اسلامی نظام اور معاشی حقوق دینا ہوں گے۔
فورتھ شیڈول ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔ یہ جذبہ اب بڑھتا جائے گا رکے گا نہیں۔ سات ستمبر کو ختم نبوت گولڈن جوبلی کے موقع پر مینار پاکستان پر یوم الفتح منائیں گے،پرچم نبوی بلند کرکے عہد کرو کہ ہم ان شااللہ اس پرچم کا قرض خون دے کر اتاریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسلمانوں نے قربانی دی ، اب یورپی ممالک بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ہم فلسطینیوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی آپ کے ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیں:  شمالی وزیرستان میں گیس کی دریافت،فنڈزکی منصفانہ تقسیم کیلئےصوبائی کمیشن قائم