ٹی20ورلڈکپ

ٹی20ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں امریکہ نے کینیڈا کو ہرا دیا

ویب ڈیسک: ٹی20ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7وکٹوں سے ہرادیا ۔
امریکی شہر ڈلاس کے گرینڈ پرائیر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ کے افتتاحی مقابلے میں امریکا نے میچ کے 18ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا کر کینیڈا کو شکست دیدی۔
بیٹر ایرون جونز نے 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی دھواں دار بیٹنگ کی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
امریکا کی جانب سے اوپنر اسٹیون ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان موناک پٹیل بھی صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اینڈریس گوس 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ایرون جونز 94 اور کوری اینڈرسن 3 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔
کینیڈا کی جانب سے پیسر کلیم ثنا نے ایک، ڈیلون ہیلیگر اور نکھیل دتہ نے بھی ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز اسکور کیے، بیٹر ناونیت دھلیوال اور نکولس کرٹن ففٹیاں بنا کر نمایاں رہے۔
کینیڈا کی جانب سے اوپنر ایرون جونسن 23، پرگت سنگھ 5، ناونیت دھلیوال نے 61، نکولس کرٹن نے 51 اور دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جب کہ شیریاس مووا 32 اور ڈیلون ہیلیگر 1 رنز بنا کر وکٹ موجود رہے۔
امریکا کی جانب سے پیسر علی خان 1، ہرمیت سنگھ 1 اور کوری اینڈرسن بھی 1 شکار کرنے میں کامیاب رہے۔
قبل ازیں میزبان امریکا نے ٹاس جیت کر کینیڈا کیخلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، امریکا کے کپتان موناک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا، ہدف کو حاصل کریں گے جب کہ پہلی اننگ میں وکٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔
کینیڈین کپتان سعدظفر نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، وکٹ اچھی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ ہے، دو طرفہ سیریز نہیں، اس لیے دبا رہے گا لہذا ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

مزید پڑھیں:  وانا بازار میں شٹرڈاؤن ہڑتال، امن و آمان کی بحالی کیلئے عوام سڑکوں پر نکل آئے