وزیرداخلہ بلوچستان

گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کی افواہیں غلط ہیں ،وزیرداخلہ بلوچستان

ویب ڈیسک: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ گوادر شہر کے گرد باڑ لگانے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروپیگنڈہ کرکے عوام کو ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر میں باڑ لگانے کے حوالے سے نہ کوئی فیصلہ ہوا ہے اور نہ ہی کوئی اجلاس، یہ محض ایک پروپیگنڈا ہے، غلط بیانیے کے ذریعے ریاست اور نوجوانوں میں خلیج پیدا کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی رائے کو زمینی حقائق اور سچائی کے پیمانے سے ناپنا ضروری ہے، دشمن قوتوں کو گوادر اور سی پیک کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے اس لیے تو وایلا اور شور مچایا جا رہا ہے۔
میر ضیا لانگو نے کہا کہ گوادر کے حوالے سے جو بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے وہاں کے عوام کی منشا اور مفاد میں کیے جائیں گے کیونکہ گوادر پر سب سے پہلے گوادر کے لوگوں کی ہی حق ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر میں باڑ لگانے کے حوالے سے ریاست کے خلاف عوام کو ورغلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ریاست کے خلاف جھوٹے اور منفی پروپیگنڈا کرکے گوادر کے عوام کو بدظن کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع