محکمہ خوراک کی کارروائی، مرغی کی ہڈیوں سے تیار مضر صحت قیمہ برآمد

ویب ڈیسک: غیر معیاری اشیائے خوردنی فروخت کرنیوالوں کے خلاف پشاور میں کریک ڈاون، مرغی کی ہڈیوں سے تیار مضر صحت قیمہ برآمد کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک کی جانب سے پشاور کے تجارتی مرکز گھنٹہ گھر میں کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں کلو مضر صحت قیمہ اور ڈل برآمد کر کے اسے مزید تجزیئے کیلئے لیبارٹری ارسال کردیا گیا۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں ٹیم کے دیگر ارکان نے علی الصبح عوامی شکایت پر گھنٹہ گھر سبزی منڈی میں مشہور قصاب کی دکان پر چھاپہ مارا۔
اس دوران دکان سے مرغی کی ہڈیوں سے قیمہ تیار کیا جا رہا تھا جبکہ پنجاب سے لائے جانیوالے مضر صحت گوشت اور غیر معیاری ڈل بھی موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ان مضر صحت اشیاء کی موجودگی پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دکاندار کو گرفتار کرلیا ۔ اس کے ساتھ ہی دیگر ملزمان کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
محکمہ خوراک کے افسران کے مطابق قیمہ اور ڈل پشاور اور قریبی اضلاع کے کباب فروشوں کو مہنگے داموں سپلائی کیا جاتا ہے۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے کہا کہ کسی کو غیر معیاری و مضر صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ خوراک کے کاروبار کے نام پر زہر بیچنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور:آٹا ڈیلرز کا آٹے پر ود ہولڈنگ سمیت تمام ٹیکسز ختم کرنے کا مطالبہ