وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، اہم امور زیربحث

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے برطانوی ہائی کمشنر جین میرئیٹ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ سید امتیاز حسین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے برطانوی اداروں کے تعاون اور اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت مستقبل میں باہمی اشتراک کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے، اور صوبے میں برطانوی سرمایہ کار اداروں کی طرف سے سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں معدنیات، توانائی اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کار کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
علی امین گنڈاپور کا ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے پیچیدہ مراحل کو آسان بنانے پر کام کررہے ہیں تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت رہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا، صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
زراعت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سمال ڈیموں کی تعمیر پر کام کر رہے ہیں جبکہ زراعت کے شعبے کو ترقی دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے خصوصی اقدامات ناگزیر ہیں۔

مزید پڑھیں:  ضلع کرم میں جھڑپوں کا تیسرا دن، 7 افراد جاں بحق،55زخمی