میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کر سکتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

ویب ڈیسک: عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
انہوں نے سماعت کے دوران مزید کہا کہ میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرسکتا ہے، پابندی رپورٹنگ پر نہیں بلکہ غیر ذمے دارانہ رپورٹنگ پر ہے، صرف سنسنی خیز ٹکر چلانے پر مسئلہ ہوتا ہے۔
دوران سماعت پیمرا کی لیگل ٹیم کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروا دیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت کا اس معاملے سے تعلق ہے؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے جواب دیا کہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے، وفاق کا اس سے تعلق نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  کم ٹیکس ظاہر کرنے اور جھوٹے ریٹرن پر سزا و جرمانے کا فیصلہ