پی ٹی آئی اور جے یو آئی

پی ٹی آئی اور جے یو آئی پاکستان کا اتحاد،مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق

ویب ڈیسک:پی ٹی آئی اور جے یو آئی پاکستان نے اتحاد کرتے ہوئے باہمی مشاورت سے مشترکہ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے پر مکمل اتفاق کیا ہے ۔
اس سلسلے میں جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما شجاع الملک کی سربراہی میں وفد نے پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ مولانا شیرانی کے سیاسی موقف کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ہم نے مل کر اس ملک میں آئین کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔
جمعیت اور تحریک انصاف کی آئین اور قانون کی پاسداری کے لیے سوچ مشترک ہے،ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات آج بھی درج کیے جارہے ہیں۔
اسد قیصر نے وفد کو گرینڈ اپوزیشن الائنس کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں عملی طور پر مارشل لا نافذ ہے؟شہباز شریف کا چائنہ میں ڈپٹی نائب میئر نے استقبال کیا ہم ملک کو کہاں لے گئے ہیں ؟
انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کو اعتماد میں لینا ہوگا ورنہ دوریاں بڑھ جائیں گی،تحریک تحفظ آئین ملک میں آئین کی بالادستی چاہتی ہے۔
ہم ملک میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہے ہیں،تحریک انصاف روایتی سیاست سے بالاتر، اعلی سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔
مولانا شجاع الملک نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد ہے،اہلِ علم آگے بڑھیں اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں،دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاملات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔
ملاقات میں رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم شاہ، رکن صوبائی اسمبلی آصف خان محسود اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  وزیر اعظم کا7اکتوبر کو فلسطینیوں کیساتھ یوم یکجہتی منانے کا اعلان