210 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی غزہ میں وحشیانہ کارروائیاں،210 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 210سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ،فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ ہفتے کو درجنوں فضائی کارروائیاں کی گئیں اور خاص طور پر مرکزی غزہ کے علاقوں دیرالبلاح اور نصیرت ، جنوب میں رفح کے مغربی علاقوں میں رہائشی عمارتیں اور غزہ سٹی کے شمال میں کئی علاقے نشانہ بنے۔
الاقصی شہدا ہ سپتال میں شہیدوں اور زخمیوں کی بڑی تعداد لائی گئی ہے اور ان میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔
غزہ کی وزارت نے بتایا کہ درجنوں زخمی فرش پر لیٹے ہوئے ہیں اور طبی عملہ دستیاب ادویات کے ذریعے ان کی جانیں بچانے کی پوری کوشش کر رہا ہے لیکن ان کے پاس ادویات کی کمی ہے اور پورے غزہ میں ادویات اور غذائی قلت کا سامنا ہے ۔
میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق نصیرت اور وسطی غزہ کے دیگر علاقوں میں اسرائیلی کارروائیوں سے 210 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ گلیوں میں تاحال کئی لاشیں اور زخمی افراد پڑے ہوئے ہیں۔
اسرائیل کی بدترین بمباری کے باعث علاقے میں رابطے کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے تاہم الجزیرہ کے رپورٹر نے ٹیلی فون کے ذریعے آگاہ کیا کہ حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور وحشت زدہ شہری بے بس ہیں کہ وہ کہاں جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہر منٹ بعد دھماکا ہوتا ہے، ایمبولینسز زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہی ہیں جہاں ہم پھنسے ہوئے ہیں۔
ماہر اطفال ڈاکٹر تانیا حاج حسن نے بتایا کہ الاقصی ہسپتال مکمل طور پر خون سے نہا گیا ہے اور یہ ایک مذبح خانے کا منظر پیش کر رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مختصر بیان میں دعوی کیا کہ انہوں نے نصیرت میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ بعد میں ایک بیان میں بتایا کہ نصیرت میں کارروائی کے دوران زیرحراست 4 اسرائیلیوں کو رہا کروایا ہے، جنہیں 7 اکتوبر کو حماس نے گرفتار کیا تھا۔
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے 210 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ اسرائیل نے وسطی غزہ میں نصیرت مہاجر کیمپ پر وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے قتل عام کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف کا پاکستان سے برآمدات بڑھانے کا مطالبہ