لکی مروت، سکیورٹی فورسز کے شہداء کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک: ضلع لکی مروت میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے 26 سالہ کیپٹن محمد فراز الیاس (ساکن قصور) 50 سالہ صوبیدار میجر محمد نذیر (ساکن ضلع سکردو)، 34 سالہ لانس نائیک محمد انور (ساکن ضلع گانچھے)، 36 سالہ لانس نائیک حسین علی (ساکن ضلع غذر)، 33 سالہ سپاہی اسد اللہ (ساکن ملتان)، 27 سالہ سپاہی منظور حسین (ساکن ضلع گلگت)، 31 سالہ سپاہی راشد محمود (ساکن ضلع راولپنڈی) کی نماز جنازہ ضلع بنوں میں ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ ، سپاہی منظور حسین، سپاہی راشد محمود کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، حاضر سروس افسران، جوانوں اور عوام نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ نماز جنازہ ادا ہونے کے بعد شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  ملکی اتحاد کیلئے قیادت نئی نسل کو سونپنی چاہئے، جوبائیڈن