عمران خان و بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 6 اور بشریٰ بی بی کے ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد نے 26 جون تک ملتوی کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان کے خلاف توڑ پھوڑ، احتجاج پر درج 6 مقدمات میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کے کیس پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکلا عثمان گل اور خالد یوسف چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔
وکلا کی جانب سے بتایا گیا کہ سینئر وکیل سلمان صفدر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہیں، عدالت سلمان صفدر کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دے۔
اس پر جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ میں نے جو فیصلہ پڑھا اس کے مطابق عدالت حاضری معاف کر کے ضمانت سن سکتی ہے اور میں نے ایسا کیا بھی ہے۔
وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اپنی ججمنٹ میں یہ واضح کر چکی ہے کہ ہر پیشی پر ملزم کی حاضری لازمی ہے، عدالت نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ 17 گریڈ کا افسر 6 ماہ سے عدالت کے آرڈر روند رہا ہے۔
اس پر وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ عدالت عمران خان کی وڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے احکامات جاری کرے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 26 جون تک کے لئے ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  موجودہ کرپٹ حکومت کو ہر صورت گرانا ہے،محمود خان اچکزئی