عالمی بینک

عالمی بینک کی پاکستان کیلئے 1ارب ڈالر قرض کی منظوری

ویب ڈیسک: عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 1ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی گئی ۔
عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق ملنے والی قرض کی رقم داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے استعمال ہو گی۔
فنڈز داسو ہائیڈرو منصوبے کے فیز ون پر خرچ کیے جائیں گے اور اس رقم سے پن بجلی کی سپلائی میں اضافہ ہو گا۔
عالمی بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ داسو منصوبے سے پاکستان میں سستی بجلی پیدا ہو سکے گی اور منصوبہ مکمل ہونے پر 4320 سے 5400 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
عالمی بینک کے مطابق داسو ہائیڈرو منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
دوسری جانب واپڈا ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی بینک پہلے ہی داسو ڈیم پراجیکٹ کے لیے 588 ملین ڈالر قرض فراہم کررہا ہے اور اب مزید ایک ارب ڈالر کی منظور ی دی ہے جب کہ عالمی بینک داسوہائیڈرو پاورپراجیکٹ کے لئے 460ملین ڈالرکی کریڈٹ گارنٹی بھی فراہم کررہا ہے۔
واپڈا ترجمان نے مزید بتایا کہ واپڈا اس وقت 26 ارب ڈالر سے داسو ڈیم سمیت 8 بڑے منصوبے تعمیر کر رہا ہے، زیرتعمیر منصوبے اگلے 5 سال میں مرحلہ وار مکمل ہوں گے اوران منصوبوں کی تعمیر کے لئے مربوط مالی حکمتِ عملی ترتیب دی ہے۔
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل پر 9.7 ملین ایکڑ فٹ مزید پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا اور واپڈا پن بجلی کی پیداوار بھی دوگنا ہو کر 20 ہزار میگاواٹ ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں:  بالا کوٹ ،نوجوان دریائے کنہار میں ڈوب گیا