بیرسٹر گوہر

عمران خان مذاکرات کیلئے تیار ہیں ،بیرسٹر گوہر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عمران خان مذاکرات اور ان کے ساتھ جو ہوا اسے معاف کرنے کے لیے تیار ہیں، ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے۔
اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا آج وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی جس میں عمران خان نے کہا بیٹوں سے ان کی بات نہیں کروائی جا رہی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی سے بات کرکے مذاکرات کا آغاز کریں گے۔
مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے لیکن محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحادہے انھیں اعتماد میں لیں گے، مذاکرات الائنس کی سطح پر بھی ہوں گے، پی ٹی آئی خود بھی آغازکر سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا مذاکرات کے سوا کوئی آپشن نہیں ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، برف پگھل رہی ہے ہم چاہتے ہیں حالات بہتر ہو جائیں، ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کو مذاکرات کے لیے کوئی خط نہیں لکھا، سپریم کورٹ کے مذاکرات کے آپشن کا جواب بھی پی ٹی آئی دے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کا دو ٹوک موقف رہا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے علاوہ ہر کسی سے بات ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماں کا موقف ہے کہ ہم حکومت کے بجائے اصل اقتدار جن کے پاس ہے ان سے بات چیت کریں گے۔

مزید پڑھیں:  پیرس اولمپکس، ارجنٹینا اور مراکش کا فٹبال میچ 2-2 گول سے برابر