وزیراعظم

بڑھتی ہوئی گرمی:وزیراعظم کا بجلی لوڈ شیڈنگ کم کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظرملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرنے کا حکم جاری کردیا ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بجلی چوری کی روک تھام اورتوانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں بجلی چوری کے خلاف مہم میں صوبائی حکومتوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی عدم فراہمی سے متعلق شکایت کے بروقت اندراج کے لیے تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی سہولت کے موثر اور متحرک نظام قائم کیے جائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری صرف اور صرف بین الاقوامی معیار کی خصوصیات کے مطابق ہو۔ وزیر اعظم نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے عالمی سطح پر رائج جدید نظام سے استفادہ کیا جائے۔
وزیراعظم کی صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور ساتھ دینے اور بجلی چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے کی بھی ہدایت کی۔
میاں شہباز شریف نے بجلی لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے سدباب کی سختی سے ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم اپریل سے 30 مئی تک بجلی چوروں کے خلاف 134 مقدمات درج کیے گئے اور بجلی چوری میں ملوث 90 ملازمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
وزیراعظم کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی تنظیم نو کے عمل میں اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے سلسلے میں آئندہ سال کے ترقیاتی بجٹ میں 124611 ٹرانسفارمرز کی میٹرنگ کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے آئیسکو کے ایک تہائی صارفین اسمارٹ میٹرزپرمنتقل کیے جارہے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم کوبتایا گیا کہ اس منصوبے کا دائرہ کار ملک کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا، بہترریکوری والے علاقے لوڈشیڈنگ فری، جبکہ بجلی محکموں کے نادہندہ اور بجلی چوری کے علاقوں میں صرف جزوی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  ایم پی اے فضل الٰہی ایک بار پھر پیسکو گرڈ سٹیشن میں گھس گئے ،4فیڈز چالو کرائے