چار سسرالیوں کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے تہکال پایاں میں چار سسرالیوں کو قتل کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے ہفتے تہکال پایاں میں رشتہ داروں کے گھر گھس کر فائرنگ کر کے خواتین سمیت چار افراد کو قتل جبکہ دو کو زخمی کرانے میں ملوث خطرناک ملزم گلے بابا قبرستان لارہ میں پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے ملزم سے ایک عدد کلاشنکوف اور ایک عدد پستول بھی برآمد کر لی گئی۔
ایس ایچ او تھانہ تہکال نور محمد خان کو خفیہ اطلاع ملی کہ تھانہ ملزم ظہور ولد عثمان ساکن قافلہ روڈ تہکال پایان گلے بابا قبرستان لارہ میں موجود ہے۔
اس پر دیگر پولیس نفری کے ہمراہ فوری ایکشن لیتے ہوئے وہ موقع پر پہنچ گئے۔
انہیں آتا دیکھ کر پہلے سے موقع پر موجود ملزم ظہور نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کی جبکہ پولیس پارٹی نے جوابی فائرنگ کی۔
اس کراس فائرنگ کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ملزم ظہور ہلاک پایا گیا اس دوران اس سے ایک عدد کلاشنکوف اور ایک عدد پستول 30 بور بمعہ کارتوس برآمد کر لی گئی۔
تلاشی لینے پر ملزم کی جیب سے قومی شناختی کارڈ بنام ظہور ولد عثمان برآمد ہوا۔ ڈی ایس پی کینٹ امجد خان کے مطابق اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  گلیات میں کار کو حادثہ، خاتون سمیت تین افراد زخمی