وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکی زیرصدارت اجلاس،آبی ذخائرکےتحفظ کیلئے اہم فیصلے

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس،صوبے میں آبی ذخائر کے تحفظ، بہتر انتظام و انصرام اور دستیاب آبی وسائل کے موثر استعمال کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ۔
اجلاس میں محکمہ زراعت، آبپاشی اور آبنوشی کے علاوہ انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے حکام کی اجلاس میں شرکت، خیبر پختونخوا میں برطانوی حکومت کے تعاون سے واٹر ریسورس اکاونٹیبیلٹی فار پاکستان پروگرام (ڈبلیو آر آے پی) شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
یہ پروگرام صوبائی حکومت کو آبی وسائل کے تحفظ، انکے بہتر مینجمنٹ اور دانشمندانہ استعمال کے سلسلے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، پروگرام پر عملدرآمد سے صوبے میں زیر زمین، سطح زمین اور بارشوں کے پانیوں سے متعلق قابل اعتماد ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
معاونت کے نتیجے میں صوبائی حکومت کے واٹر ایکٹ اور واٹر اینڈ ایگریکلچریل سیکٹر ریفارمز ایجنڈا پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے گا، پروگرام کے تحت انٹرنیشنل واٹر منیجمنتٹ انسٹیٹیوٹ پختونخوا میں چھ مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔
ان شعبوں میں واٹر اکانٹنگ اینڈ پراڈکٹیوٹی اسسمنٹ، ارلی ڈراوٹ وارننگ سسٹم، واٹر ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، ایریگیشن ڈیمانڈ مینجمنٹ واٹر الوکیشن سسٹم اور کیپیسٹی بلڈنگ شامل ہیں۔
پروگرام ابتدائی طور پر ضلع چارسدہ اور مانسہرہ میں شروع کیا جائے گا جسے بعد میں صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی مقصد کے لئے متعلقہ صوبائی محکموں اور انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آبی وسائل کا تحفظ اور دانشمندانہ استعمال وقت کی اشد ضرورت ہے خیبر پختونخوا صوبائی حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں فوڈ سکیورٹی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے آبی وسائل کے تحفظ اور ان کے بہتر استعمال کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے،اس سلسلے میں انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کی تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔
سردار علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ صوبے میں ڈبلیو آر اے پروگرام کے اجرا سے آبی وسائل کے تحفظ کے ساتھ ساتھ زرعی خود کفالت میں بھی مدد ملے گی، صوبائی حکومت اس پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت آبی وسائل کے تحفظ اور بہتر انتظام و انصرام کے سلسلے میں انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کی مہارت اور تجربے سے بھر پور استفادہ کرنا چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں کے مخصوص آب و ہوا اور جغرافیائی حالت کے لئے موزوں فصلوں، پودوں اور نباتات کو فروغ دینے کے لئے جدید تحقیق کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت کو اس سلسلے میں انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹیٹیوٹ کے تعاون کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کاآتشزدگی واقعے کا نوٹس ،رپورٹ طلب کرلی