کنڈی ماڈل فارم کے اخراجات

گورنر کا کنڈی ماڈل فارم کے اخراجات جیب سے ادا کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کنڈی ماڈل فارم کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔
کنڈی ماڈل فارم ڈی آئی خان کو گورنر ہائوس کا درجہ دینے اور اخراجات کے معاملے پر پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا بیان سامنے آگیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کنڈی ماڈل فارم ڈی آئی خان کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنڈی ماڈل فارم ڈی آئی خان کے کسی بھی قسم کے اخراجات گورنر ہائوس پشاور کے سرکاری فنڈز سے ادا نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں کفایت شعاری اور سادگی پر عمل پیرا ہوں، آئین میں تفویض شدہ اختیارات کے تحت کنڈی ماڈل فارم کو گورنر ہائوس کیمپ آفس کا درجہ دیا گیا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بطور گورنر ڈی آئی خان میں سرکاری عملہ سمیت اپنی ذاتی رہائش گاہ پر مقیم ہوتا ہوں اور علاقہ کے عوام سے ملاقاتیں کرتا ہوں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھاکہ سکیورٹی وجوہات اور ڈیوٹی پر مامور عملہ کو رہائش فراہم کرنے کی بنیاد پر کنڈی ماڈل فارم کو بطور سرکاری رہائش گاہ کا درجہ دیا گیا، اپنے 24 سالہ عملی سیاسی کیرئیر میں کبھی بھی اختیارات سے تجاوز نہیں کیا۔

مزید پڑھیں:  سی ٹی ڈی کی کارروائی، کراچی میں‌ٹی ٹی پی کے سہولت کار گرفتار