ووٹرز بنیادی حق سے محروم

مخصوص نشستیں: الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو بنیادی حق سے محروم کیا،جسٹس اطہر من اللہ

ویب ڈیسک: مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والے فل کورٹ کے رکن جسٹس اطہرمن اللہ نے اضافی نوٹ لکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو بنیادی حق سے محروم کیا ،بادی النظر میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی گئی۔
اضافی نوٹ میں انہوں نے لکھا کہ 8فروری کے انتخابات سے قبل، دوران اور بعد میں کیا کیا شکایات تھیں؟ الیکشن کمیشن مکمل ریکارڈ دے، مخصوص نشستوں کا کیس صرف نشستوں کا نہیں بلکہ اصل سٹیک ہولڈرز یعنی عوام کے بنیادی آئینی حقوق کا کیس ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے اضافی نوٹ میں لکھا کہ بادی النظر میں سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی جماعت کو نااہل قرار دینے کے لئے نہیں تھا، عدالتی فیصلے کی غلط تشریح سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے نکال کر ووٹرز کو بنیادی حق سے محروم کر دیا گیا۔
جسٹس طہر من اللہ نے لکھا کہ الیکشن کمیشن مطمئن کرے کہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع دے کر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ؟۔
انہوںنے اپنے اضافی نوٹ میں مزید لکھا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ اکیلے میں محض تکنیکی نقطے نکال کر نہیں کیا جاسکتا، مخصوص نشستوں کا فیصلہ 8 فروری کے تمام انتخابات کے تناظر میں کیا جاسکتا ہے۔
اضافی نوٹ میں انہوں نے لکھا کہ الیکشن کمیشن تحریری بیان دے کہ کیا 8 فروری کے الیکشن سے پی ٹی آئی کو بطور سیاسی جماعت انتخابی عمل سے باہر رکھنا قانونی عمل تھا؟۔

مزید پڑھیں:  نئے مالی سال کا آغاز :تنخواہ طبقے پر عائد اضافی ٹیکسز پر عملدرآمد شروع