لاپتہ 38دفاعی اہلکار

پاکستان نے بھارت سے اپنے لاپتہ 38دفاعی اہلکار مانگ لئے

ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کے تبادلے کے دوران پاکستان نے اپنے لاپتہ 38 دفاعی اہلکار بھی بھارت سے مانگ لئے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لاپتہ 38پاکستانی دفاعی اہلکاروں کے بارے میں خیال ہے کہ یہ 1965اور 1971کی جنگوں کے بعد سے بھارت کی تحویل میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ اسلام آباد اور نئی دہلی میں متعلقہ ہائی کمشنر کے ذریعے کیا گیا،ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ان فہرستوں کا ایک ساتھ تبادلہ کیا جاتا ہے۔
ترجمان کا بتانا تھا کہ پاکستانی جیلوں میں قید 254بھارتی شہری قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرست بھارت کے حوالے کی جبکہ بھارت نے قید 452 پاکستانی یا مبینہ پاکستانی شہریوں اور ماہی گیروں کی فہرست فراہم کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے لاپتا 38پاکستانی دفاعی اہلکاروں کی فہرست بھی بھارتی حکام کو دی، ان اہلکاروں کے بارے میں خیال ہے کہ یہ 1965 اور 1971کی جنگوں کے بعد سے بھارت کی تحویل میں ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے سزا مکمل کرنے والے تمام پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے اور جسمانی و ذہنی معذور قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست کی ہے، بھارت سے ان کی قومی حیثیت کی فوری تصدیق کے لیے بھی درخواست کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانیوں کی جلد واپسی یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے، رواں سال اب تک 4 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی مکمل ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں:  سیاسی جماعتوں سے گوشوارے طلب کرلئے گئے