فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل

فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیخلاف نظرثانی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

ویب ڈیسک: فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ ساڑھے 11 بجے اس حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
7 رکنی لارجر بنچ کے دیگر ججز میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس شاہد بلال شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 رکنی لارجر بنچ نے گزشتہ سال 23 اکتوبر کو سویلینز کے ملٹری ٹرائل کو کالعدم قرار دیا تھا ۔
13 دسمبر کو سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل روکنے کا فیصلہ معطل کردیا تھا، گزشتہ برس 23 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے سویلینز کے ملٹری ٹرائل کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں میں ملوث ہونے پر گرفتار عام شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔
علاوہ ازیں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کی جانب سے بھی فوجی عدالتوں میں شہریوں کا ٹرائل روکنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پی ٹی آئی کے احتجاج میں مدعو