فیصلے کو جزوی تسلیم

سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی تسلیم ،اپیل دائر نہیں کرینگے،فضل الرحمن

ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ جزوی طورپر تسلیم کرتے ہیں ،بطور جماعت اپیل دائر نہیں کرینگے ۔
سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حتمی رائے آئینی اور قانونی ماہرین ہی دے سکتے ہیں۔
مولانا فصل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے اور اس فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے ساتھ خیر سگالی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ فیصلہ دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے پیشرفت کی طرف مفید اور تحفظات کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کا ماحول تشکیل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک نظرثانی اپیل کا تعلق ہے تو جمعیت علمائے اسلام بطور جماعت اپیل دائر نہیں کرے گی، تاہم جے یو آئی کے وہ بعض افراد جو اس فیصلے سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں انہیں انفرادی طور پراپیل کے حق کا استعمال کرنے سے نہیں روک سکیں گے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ یہ ان کا حق ہوگا لیکن بطور جماعت ہم اپیل نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں:  تل ابیب میں ڈرون حملوں سے بھگدڑ، متعدد اسرائیلی زخمی