دباؤ میں نہیں آؤں گا

استعفیٰ دے دوں گا لیکن دباؤ میں نہیں آؤں گا،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ استعفیٰ دے دوں گا لیکن دباؤمیں ہرگز نہیں آؤں گا، قومی مفاد سب سے اوپر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں انہوں نے یادگار شہدا پرپھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی۔
وزیراعظم کو ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی اور طویل مدتی ڈیجیٹائزیشن حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو ایف بی آرتاجر دوست موبائل ایپلی کیشن کے پہلے مرحلے کی تکمیل پربھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گھربیٹھے ٹیکس نظام میں رجسٹریشن، ٹیکس جمع کرانے تک تمام عمل کی سہولت دی گئی ہے، ٹیکس دینے کی صلاحیت رکھنے والے49 لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ٹیکس بیس بڑھانے اور نشاندہی شدہ افراد کو فوری ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر کی آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر افسران کو دوٹوک بتایا کہ استعفیٰ دے دوں گا مگر دباؤمیں ہرگز نہیں آؤں گا اور ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ کوئی سفارش قبول نہیں، کوئی ذاتی پسند ناپسند بھی نہیں، قومی مفاد سب سے اوپر ہے، کوئی غلطی ہے تو درست کرینگے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر نے ڈیجیٹائزیشن پرچند دن پہلے سرپرائز دیا، تین ماہ پہلے بتادیتے تو سوچتے غیر ملکی فرم میکانزی کو لانا ہے یا نہیں؟
انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کو پھر کہتا ہوں اب بھی کوئی سرپرائز ہے تو دے دیں کوئی ایکشن نہیں لوں گا لیکن اس کے بعد چھپن چھپائی کی تو برداشت نہیں کروں گا۔

مزید پڑھیں:  سیلاب امداد کا غلط استعمال: امریکہ نے بلاول کا بیان کا نوٹس لے لیا