ترک صدر کا اعلان

ترک صدر کا کرد جنگجوئوں کیخلاف فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: ترک صدر رجب طیب اردوان نے شمالی عراق اور شام میں کردش ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں کیخلاف فوجی آپریشن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترکیہ نے اپریل 2022ء میں شمالی عراق سے متصل سرحدی علاقے سے اپنی سرزمین پر کرد علیحدگی پسندوں کی جانب سے حملے کرنے کا الزام عائد کر کے آپریشن کلا لاک کا آغاز کیا تھا۔
ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل طلبہ کی گریجوایشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم شمالی عراق کے علاقے میں فوجی آپریشن کا عنقریب خاتمہ کر دیں گے کیونکہ اب کرد فورسز ہماری سرحدوں کے اندر کارروائی کرنے کے قابل نہیں رہیں۔
ترکیہ کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ شمالی عراق اور شام دونوں جگہ پر کردستان ورکرز پارٹی مکمل طور پر محصور ہو چکی، ہم شام کے ساتھ اپنی جنوبی سرحد کے سکیورٹی پوائنٹ کے مقامات کی دوبارہ نشاندہی کریں گے۔
واضح رہے کہ کردش ورکرز پارٹی نے 1984 میں ترک ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھائے تھے جسے ترکیہ، امریکا اور یورپی یونین نے دہشت گرد گروپ قرار دیا۔
سرحد پر ہونے والی مختلف کارروائیوں کے دوران اب تک 40 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بلاول نے جماعت اسلامی کے غزہ ملین مارچ کی حمایت کردی