یومِ عاشور

ملک بھر میں یومِ عاشور پر سکیورٹی سخت، موبائل فون سروس معطل

ویب ڈیسک: پشاور سمیت ملک بھر میں آج یوم عاشور پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ زیادہ تر علاقوں میں موبائل سروس بھی معطل کی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ عاشور پر جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
جلوسوں اور مجالس کے موقع پر ملک بھر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔
چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات سمیت ملک کے تمام علاقوں میں 10 محرم الحرام کے موقع پر مجالس عزا کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کے حوالے سے مرکزی جلوس صبح 9 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔
شہر قائد میں امن و امان کی صورت حال یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ اسلحہ کی نمائش، ڈرون یا ہیلی کیم اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے جب کہ مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔
لاہور میں بھی یوم عاشور کے موقع پر مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوکر شام کو کربلا گامے شاہ پر ختم ہوگا۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس کے علاقوں میں موبائل فون سروس بند کررکھی ہے۔
پشاور میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدر شاہ سے برآمد ہوگا۔
پشاور کی مختلف امام بارگاہوں سے یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے۔
پہلا جلوس صبح11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوا جلوسوں کی سکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہیں۔
جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موجود ہیں ۔
کوئٹہ شہر میں عاشورہ کے جلوس کیموقع پر موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، کوئٹہ کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب سے قبل امام بارگاہ ہزارہ ناصرآباد پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔
اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو ا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔
راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سیبرآمد ہوا، اس موقع پر اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طورپرمعطل رہے گی۔
مظفر آباد میں بھی یوم عاشور پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  یوٹیلٹی سٹور ملازمین کا ڈی چوک میں دھرنا، ایک ملازم جاں بحق