80کروڑ ڈالر سرمایہ کاری

ریکوڈک منصوبے میں سعودیہ کی 80کروڑ ڈالر سرمایہ کاری متوقع

ویب ڈیسک: ریکوڈک میں سعودی عرب کی جانب سے 80کروڑ ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے جس کا معاہدے رواں ہفتے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے 80کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ رواں ہفتے ہوگا، سرمایہ کاری معاہدہ طے پا جانا آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ سے قرض کی منظوری کے لیے معاون ثابت ہوگا ۔
سعودی عرب کی سرمایہ کاری اور قرض رول اوور کے بعد چین بھی قرض رول اوور کرے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے 80کروڑ ڈالر میں سے 65کروڑ ڈالر سرمایہ کاری اور 15کروڑ ڈالر چاغی میں ڈویلپمنٹ کے لیے خرچ ہوں گے جبکہ سعودی عرب سے ریکوڈک میں سرمایہ کاری ایک ہی ٹرانچ میں موصول ہو گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو آج ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے لیے وزارت توانائی کے حکام بریفنگ دیں گے اوربریفنگ کے بعد حتمی منظوری کے لیے معاہدہ آئندہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ریکوڈک میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی عرب کے ساتھ گزشتہ 8 ماہ سے بات چیت چل رہی تھی، سعودی عرب ریکوڈک کے ایکسپلوریشن لیز بلاک 6 اور بلاک 8 میں بھی سرمایہ کاری کریگا جبکہ سعودی عرب سے ریکوڈک میں مجموعی سرمایہ کاری کا تخمینہ 10 ارب ڈالر تک لگایا جا رہاہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سے موخر ادائیگیوں پر تیل سہولت کو بھی دوبارہ حاصل کرنا چاہتا ہے، ادھار تیل کی سہولت دوبارہ شروع ہونے سے سعودی عرب سے پاکستان میں 2 ارب ڈالر آئیں گے، رواں مالی سال سعودیہ سے 2 ارب ڈالر آنے سے ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ بھی کور کیا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ علی امین کا صوابی دھماکے کا نوٹس،رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت