آپریشن کی ضرورت نہیں

بلوچستان میں کسی بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں، محسن نقوی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کسی بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں ،دہشت گرد صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں،جلد ہی ان کا بندوبست ہوگا۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو وفاق کی مکمل حمایت حاصل ہے جو کچھ بلوچستان میں ہوا ہمیں اس پر دکھ ہے، یہ واقعات قابل برداشت نہیں، قتل و غارت کے ان واقعات سے ہمیں ڈرایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں آمد کا مقصد عوام کو بتانا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان کے ساتھ ہم لوگ کھڑے ہیں جو یہ فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کسی بڑے آپریشن کی ضرورت نہیں، یہ صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں۔
ہمیں ان کے لیے کسی لمبی چوڑی سائنس کی ضرورت نہیں، یہ دہشت گرد ہیں جن کا مقابلہ کرنا ہماری فورسز جانتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او کہنے کا مقصد یہ نہیں کہ صرف ایک ایس ایچ او ہی آپریشن کرے گا، مطلب یہ کہ چھوٹی کارروائی ہوگی، بلوچستان سب سے بڑا صوبہ ہے آپ وہاں چپے چپے پر فورسز نہیں لگا سکتے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری چار ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں ہیں، دہشت گرد ریکی کرتے ہیں، وہاں کوئی بھی ایک انچ ڈھونڈ کر کارروائی کردیتا ہے۔ وہ سب سے ہلکا ٹارگٹ ڈھونڈتے ہیں، بسوں سے مسافروں کو اتارتے ہیں اور مار کر بھاگ جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  رہنماوں کی جلسے جلوسوں میں‌عدم دلچسپی نقصان دہ ہو سکتی ہے، گنڈاپور