جعلی حکومت سپریم کورٹ پر حملہ آور

آئینی ترمیم کے نام پر جعلی حکومت سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے،بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے نام پر جعلی حکومت ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے۔
اپنے بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے نام پر اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد میں آئینی ترمیم کے نام پر ڈرامہ رچایا گیا، ساری رات آئینی ترمیم کے لئے ووٹ مانگا جا رہا تھا مگر مسودہ کسی کو نہیں دکھایا گیا۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں آئینی ترمیم تھا یا ایون فیلڈ کی تفصیلات جو سامنے نہیں آ رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مسودے کو ایک ڈرامے کی طرح سسپینس میں رکھا گیا، ساری رات آئین وقانون کے ساتھ مذاق کیا گیا۔
بیرسٹر سیف کے مطابق اپنے مفادات کی بولیاں لگائی جا رہی تھی، پوری رات آئین کیساتھ کھلواڑ اور سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کی تیاریاں ہو رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ترمیم کے نام پر اپنے ذاتی سیاسی مفادات کے لئے جعلی حکومت اور اتحادی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، جعلی حکومت ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے، اس بار سپریم کورٹ حملے میں پیپلز پارٹی بھی ساتھ دے رہی ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کے نام پر اعلی عدلیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے، مجوزہ ترمیم کے بعد سپریم کورٹ محض ایک بے اختیار عالیشان عمارت بن کر رہ جائے گی۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم پر جمعیت اور پی ٹی آئی کا موقف مشترکہ ہوگا: اسد قیصر